ہیگ(امت نیوز)ملعونہ آسیہ مسیح کے وکیل سیف الملوک نے قلابازی کھاتے ہوئے ہالینڈ میں پناہ مانگ لی۔ دو روز قبل سیف الملوک نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ پاکستان چھوڑنا نہیں چاہتا تھا، لیکن اسے اقوام متحدہ اور یورپی سفیروں نے ملک سے جانے پر مجبور کیا۔ فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق سیف الملوک نے گزشتہ روز ڈچ حکومت سے کہا ہے کہ وہ ہالینڈ میں ہی قیام کرنا چاہتا ہے، کیونکہ مبینہ طور پر ہالینڈ انسانی حقوق کی پاسداری کرنے والا ملک ہے اور اگرمیری مدد نہ کی گئی اور پناہ نہ دی گئی تو میں قتل ہونے کیلئے پاکستان واپس چلا جائوں گا۔ اس حوالے سے ڈچ وزارت خارجہ نے مثبت رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیف الملوک کی جانب سے باقاعدہ تحریری درخواست آنے پر اسے سیاسی پناہ دینے پر غور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے ملعونہ آسیہ کے وکیل کو جھوٹا قرار دیا ہے، جبکہ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا اعلان کرنے والے اسلام دشمن رکن پارلیمنٹ ملعون گیرٹ ولڈرز کا تعلق بھی ہالینڈ سے ہے۔