رائیونڈ (صباح نیوز) سالانہ عظیم الشان عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کا آغازہوگیا۔امیر جماعت حاجی عبد الوہاب نے اپنے بیان میں کہا کہ انسان ماں کے پیٹ سے آیا اور قبر کے پیٹ کی طرف دوڑ رہا ہے، مسلمان کے لئےبہترین عمل توبہ ہے ،رات سوتے وقت موت سرہانے رکھو اور صبح اٹھو تو موت کو سامنے رکھو، اس اجتماع کا مقصد امت مسلمہ کو دین کے راستے پر ڈالنا اور سچے مسلمان بنانا ہے،آوٴ اس کار خیر کا حصہ بنیں اور اللہ کے دین کو دوسروں تک پہنچائیں اور خود بھی سیکھیں، تبلیغی اجتماع دین سکھانے کی تربیت گاہ ہے ،مسلمانوں کی ذلت توبہ سے ختم ہوگی، امت پر آفتیں دین سے دوری کی وجہ سے نازل ہورہی ہیں، پریشانیوں سے نجات اللہ کی راہ میں نکلنے میں ہے، آخر الزمان نبی ﷺکا فرما ن اور اللہ تعالی کے دین کو دوسروں تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ،حضوراقدس ﷺ کا ارشاد ہے کہ بہت سے لوگ ایسے ہیں جو دنیا میں نرم نرم بستروں پر اللہ تعالی کا ذکر کرتے ہیں جس کی وجہ سے حق تعالی شانہ جنت کے اعلیٰ درجوں میں ان کو پہنچا دیتا ہے، دنیا میں مشقتیں جھیلنا صعوبتیں برداشت کرنا آخرت کی رفع درجات کا سبب ہے اور جتنی بھی دینی امور میں مشقت اٹھائی جائے گی اتنا ہی بلند مرتبوں کا استحقاق ہوگا لیکن اللہ پاک کے مبارک ذکرکی یہ برکت ہے کہ راحت و آرام سے نرم بستروں پر بیٹھ کربھی راتوں کو اللہ کی یاد میں وقت لگانے والے بھی رفع درجات کا سبب ہیں، اگر تم ہر وقت ذکر میں مشغول رہو تو فرشتے تمہارے بستروں پر اور تمہارے راستوں میں تم سے مصافحہ کرنے لگیں گے جو اللہ تعالی کا ذکر نہیں کرتا وہ زندہ بھی مردہ ہے اور اسکی زندگی بھی بے کار ہے ،جواللہ کا ذکر کرتاہے ا س کا دل زندہ ہے جو ذکر نہیں کرتا اس کا دل مرجاتا ہے ایک شخص بہت سے روپے تقسیم کررہاہو اور دوسرا شخص اللہ تعالی کے ذکر میں مشغول ہو تو ذکر کرنے والااللہ تعالی کے دربار میں افضل ہے اللہ تعالی کا ذکرجنت میں داخل ہونے کا ٹکٹ ہے۔