کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 2ہزار روپے بھتہ نہ دینے پر فیکٹری منیجر سلیم کو قتل کرنے سے متعلق کیس میں جرم ثابت ہونے پر عبد الرحیم کو سزائے موت کا حکم دے دیا اور مجرم پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے،جبکہ شریک مجرموں احمد حسن اور انور بلوچ کو عمر قید کی سزا اور فی کس 50،50ہزار روپے جرمانے کی سزاسنائی ۔جمعرات سماعت پر عدالت نے محفوظ فیصلہ سنایا جہاں استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی ۔دریں اثنا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ کے ٹارگٹ کلر ریحان کے خلاف اے این پی کے کارکن زیارت گل کے قتل کیس میں اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کواصل جے آئی ٹی کیلئے متعلقہ ادارے کو خط لکھنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 17نومبر تک ملتوی کردی ۔