چین نے امداد کی مالیت کا اعلان کرنے سے روک دیا-عمران

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کو نقدمددکی مالیت کا اعلان کرنے سے روک دیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چین کی جانب سے امدادی رقم سے متعلق سوالات پر وزیر اعظم نے جواب سے معذرت کر لی اور کہا کہ چین نے پاکستان کی تاریخی مدد کی ہے، چین کتنی مدد دے رہا ہے ظاہر نہیں کر سکتے، دراصل چین نے پاکستان کو نقد مالی مدد کا اعلان کرنے سے روک دیا ہے، کیونکہ اس سے چین کے دیگر پارٹنرز تحفظات کا اظہار کر سکتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ حکومت میں آ کر حیران کن گھپلوں کا معلوم ہوا، اور میڈیا رپورٹس میں آنے والی کرپشن کم لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن پر آٹے میں نمک کے برابر لوگوں کے خلاف کاروائی ہو رہی ہے، ابھی بڑی مچھلیاں باقی ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مذہبی جماعتوں کی جانب سے دیئے گئے دھرنے اور مظاہروں کو مصالحتی انداز میں ہی حل کر سکتے تھے، دھرنے میں پیسے دے کر لوگوں کو لایا گیا اور اگر دھرنا ختم نہ ہوتا تو حکومتیں ختم ہو سکتی تھیں۔ عمران خان نے اراکین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں منظم ہو کر چلیں، اپوزیشن کی ہر بات کا جواب دینا ضروری نہیں ہوتا، کوئی بھی رکن قومی اسمبلی وزیر دفاع پرویز خٹک کی اجازت کے بغیر ایوان میں تقریر نہیں کرے گا ۔

Comments (0)
Add Comment