کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ پولیس کی ریکروٹمنٹ کمیٹی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس میں بھرتیوں کے عمل میں میرٹ اہلیت شفافیت اور غیر جانبداری کے تسلسل کو جاری رکھا جائے گا۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے واضح احکامات دے رکھے ہیں کہ محکمانہ امور میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔امت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ ڈی آئی جیز کے اسلام آباد میں ہونے والے اہم اجلاسوں میں شرکت کے باعث اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔اب یہ اجلاس ممکنہ طور پر ہفتے یا پیر کو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئی جی نے بھرتیوں کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی ہے کہ بھرتیاں مرحلہ وار کی جائیں گی ۔ایک ساتھ ہزاروں افراد کو بھرتی نہیں کیا جا سکتا اس طرح سے ان کی ٹریننگ سمیت دیگر امور بری طرح متاثر ہوسکتے ہیں تو اس لئے بھرتیوں کے عمل کو ترتیب سے عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ضروری نہیں کہ بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے کروائی جائیں۔تھرڈ پارٹی آئی بی اے یا کوئی اور ادارہ بھی ہوسکتا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ مختلف اجلاسوں کے انعقاد کا مقصد مانیٹرنگ آگاہی اور معلومات کے تبادلے کے تحت سندھ پولیس امور کو مزید بہتری کی جانب گامزن کرنا ہوتا ہے۔جب ان سے کہا گیا کہ ملتوی ہونے والا اجلاس معمول کا نہیں تھا۔ہزاروں بھرتیوں سے متعلق تھا، تو انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں لیکن اس سے زیادہ اس معاملے پر بات کرنے سے انہوں نے اجتناب برتا۔انہوں نے سندھ پولیس میں گروپ بندی سے متعلق سوال کا جواب دینے سے معذرت کر لی۔