کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کی زیرصدارت 12ربیع الاول کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں حاجی حنیف طیب اور شاہ سراج الحق کی قیادت میں علما اور ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی ایڈمن، زونل ڈی آئی جیز اور ڈی آئی جی ٹریفک، تمام ضلعی ایس ایس پیز نے شرکت کی۔ علما نے ڈاکٹر امیرشیخ کو سٹی پولیس چیف تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ اجلاس میں 12 ربیع الاول کی ریلیوں اور مرکزی جلوس کی سیکورٹی و دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر شرکا نےپولیس چیف کومسائل سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر امیر شیخ نے بجلی سے متعلق شکایات پر ڈی آئی جی ایڈمن کو ہدایت کی کہ کے الیکٹرک حکام کو مراسلہ لکھیں اور زونل ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنی سطح پر جلوس اور ریلیوں کے منتظمین سے میٹنگ کریں اور تعاون یقینی بنائیں۔ اس موقع پر شاہ سراج الحق نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی معیاد 3 ماہ بڑھانے کی سفارش کی، جس پر پولیس چیف نے ایک ماہ کی توسیع کرنے کا وعدہ کیا۔ اجلاس میں شریک تمام مذہبی رہنماؤں نے ختم نبوت کیلئے ہونے والے احتجاج میں پولیس حکمت عملی اور کردار کو سراہا اور اپنی تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر پولیس چیف نے معاشرتی مسائل کو برداشت کی کمی اور انسانی طرز عمل میں تبدیلی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان مسائل سے بچنے کیلئے ہمیں اسوہ حسنہ، اسلامی تعلیمات اور عفو درگزر کو مدنظر رکھنا چاہئیے۔ ڈاکٹر امیر شیخ نے علما کا شکریہ ادا کیا اور پولیس تعاون کا بھرپور یقین دلایا۔