سعدرفیق کو بھائی سمیت گرفتار کرنے کا مشروط نیب اعلان

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)نیب نے ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو گرفتار کرنے کا مشروط اعلان کر دیا۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے بتایا کہ سعد رفیق اور ان کے بھائی کو گرفتار کرنے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔اگلی سماعت کے دوران اگر دونوں کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع نہ ہوئی تو نیب انہیں عدالت سے ہی گرفتار کر لے گی۔ ڈی جی نیب لاہور کے مطابق دونوں کے خلاف ریکارڈ اور ٹھوس شواہد مل گئے ہیں۔14 نومبر کو عدالت کو حقائق بتا دینگے۔انہوں نے کہا خواجہ سعدرفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف گواہ بننے کا وعدہ کرنے والا شخص اچانک غائب ہوگیا جسے تلاش کیا جارہا ہے۔ واضح رہے سعد رفیق اور سلمان رفیق کیخلاف نیب آشیانہ ہائوسنگ اسکیم اور پیراگون ہائوسنگ اسکیم کرپشن اسکینڈلز کی تحقیقات کر رہا ہے۔ شہزاد سلیم نے بتایا کہ فواد حسن فواد کو جب شہبا شریف کے سامنے بٹھایا گیا تو وہ رونے لگے اور کہا سب کچھ آپ کے کہنے پر کیا اس پر شہباز شریف نے انہیں چپ کرایا اور کہا کہ میرے کہنے پر ہی کیا ہوگا۔ڈی جی نیب لاہور کے مطابق شہباز شریف کے داماد علی عمران نے وعدہ معاف گواہ بننے والے گریڈ 20 کے افسر اکرام نوید سے 31 کروڑ کے سرکاری چیک اپنے اکائونٹ میں جمع کرائے۔

Comments (0)
Add Comment