کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاری میں بالکونی منہدم ہونے سے موٹرسائیکل و دیگر سامان تباہ ہوگیا، تاہم ملبہ گرنے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔گزشتہ دنوں مذکورہ عمارت سے بلاک گرنے سے 4 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کھڈہ مارکیٹ عبداللہ آشیانہ ہال کے سامنے واقعے رہائشی عمارت وی آئی پی اپارٹمنٹ میں واقع پہلی منزل کے فلیٹ کی بالکونی منہدم ہوگئی۔ملبہ نیچے بنی دکان کے چھجے کو توڑتا ہوا نیچے کھڑے پتھاروں، ٹھیلوں، پانی کی موٹرز اور موٹرسائیکل پر جا گرا، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سمیت دیگر سامان تباہ ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بالکونی کا ملبہ گرنے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت کے مالک کا نام یاسر میمن ہے۔عمارت زیادہ پرانی نہیں، تاہم اتنی مضبوط بھی نہیں۔عمارت کی چھت پر بنی پانی کی ٹنکی انتہائی بوسیدہ ہوچکی۔