گٹکا کارخانوں کیخلاف نمائشی آپریشن پر ایس ایچ او سکھن معطل

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گٹکا کار خانوں کیخلاف نمائشی آپریشن پرایس ایس پی ملیر نے ایس ایچ اوسکھن کی تنزلی کرکے معطل کر دیا اور گٹکے کے کارخانوں کے خلاف اصل آپریشن کرتے ہوئے مشینیں ،میٹریل اور تیار گٹکا قبضے میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر نے سکھن کے علاقے میں گٹکے ماوے کے 2کارخانوں پر آپریشن کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی چھالیہ ،تمباکو ، مشین اور 10ملزمان کو گرفتار کر لیا ،جبکہ مالک فرار ہو گیا ۔ذرائع کے مطابق چند روز قبلایس ایچ او سکھن نے بھتہ نہ بڑھانے پر جمعہ گوٹھ میں چلنے والے 2گٹکے ماوے کے کارخانوں پر نمائشی کارروائی کی تھی ، تاہم ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی جس پر بڑےآپریشن کا فیصلہ کیا گیا ۔گذشتہ صبح ملیر کے مختلف تھانوں سے بھاری نفری طلب کی گئی، اور ایس ایس پی کی نگرانی میں جمعہ گوٹھ میں یاسین حمایتی ورظہیر حمایتی کے گٹکے ماوے کے2 کارخانوں پر کارروائی کر کے بھاری مقدارمیں گٹکا ، چھالیہ ،مشین اور دیگر سامان برآمد کرلیا ، امت کو ایک افسر نے نام نہ شائع کرنے کی شرئط پر بتایا کہ یہ ضلع ملیر کی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی تھی جس کے دوران چھالیہ کی 100سے زائد بوریاںقبضے میں لی گئیں جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتے ہیں ،پولیس افسر کے مطابق مذکورہ کار خانوں کے ما لکان سے بیٹر رستم دو لاکھ روپے فی ہفتہ بھتہ وصول کر تا تھا ، جبکہ کارروائی کے دوران 10ملزمان جیند ،عبدالجبار، دلدار، امجد، عزیز،عظیم ،رضا ،اکرم،گل محمد، عبدالستار اور پنھل کوگرفتار کرلیا گیا۔ دونوں کارخانوں سے برآمد چھالیہ، گٹکا پیکنگ اورمکسر سمیت ہیوی جنریٹر تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دئیے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 364/2018 درج کر لیاگیا ہے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے ایس ایچ او سکھن زبیر نواز کو معطلی کے ساتھ تنزلی بھی کر دی ہے ۔

Comments (0)
Add Comment