دبئی(امت نیوز) نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے افتتاحی بلے باز امام الحق سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے 210رنز کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو 12اوورز میں 54رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ کیوی بالر کلم فرگوسن کی جانب سے 13ویں اوور کی پہلی گیند کو امام الحق نے پل کرنے کی کوشش کی، لیکن ناکام رہے اور گیند سیدھی ان کے ہیلمٹ پر جا لگی، جس پر امام گرگئے اور فزیو کے مشورے پر انہیں میدان سے باہر لے جایا گیا۔ امام الحق کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں فوری ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کے ضروری ٹیسٹ کئے جائیں گے۔