نیویارک(امت نیوز)اقوام متحدہ کے بچوں کی فلاح وبہودکے ادارے یونیسف نے پہلی مرتبہ ایسے رہنما اصول مرتب کئے ہیں، جن کا مقصد کھیلوں میں بچوں کو تشدد اور غیر ضروری طویل تربیتی دورانیے سے بچانا ہے۔جاپان کے ذرائع ابلاغ کے مطابق یونیسف اور جاپان کی کمیٹی برائے یونیسف نے مل کر یہ اصول بنائے ہیں، جنہیں کھیلوں میں بچوں کے حقوق کے رہنما اصولوں کا نام دیا گیا ہے۔اس میں دس اصول شامل کیے گئے ہیں، جنہیں اٹھارہ سال سے کم عمر کے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کھیلوں کی تنظیموں اور اداروں کو مدنظر رکھنا ہو گا۔نئے اصولوں کے تحت کھیلوں کی تنظیموں کو یہ خیال رکھنا ہو گا کہ ہر حال میں جیتنے کی ذہنیت ہمیشہ ہی بچوں کے بہترین مفاد میں نہیں ہوتی۔رہنما اصولوں میں یہ نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ بچوں کی تربیت ایسے اہل افراد کی ذمہ داری ہونی چاہیئے، جنہیں کھیلوں کی ادویات اور سائنس پر بخوبی عبور حاصل ہو۔ان اصولوں میں کہا گیا ہے کہ کھیلوں میں تشدد، طویل دورانئے کی تربیت اور عہدے کے بل پر ہراساں کرنے جیسے مسائل کو ختم کیا جائے۔یونیسف کا منصوبہ ہے کہ 20 نومبر سے جاپان میں ان رہنما اصولوں کا باضابطہ طور پر اجراء کر دیا جائے۔
٭٭٭٭٭