ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) مرد میدان شاہین آفریدی کی عمدہ بولنگ کے بعد فخر زمان اور بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ نے پاکستان کو نیوزی لینڈ پر دوسرے ون ڈے میچ میں 6وکٹوں سے فتح دلادی اور سیریز1-1 سے برابر کردی۔ ابوظہبی میں سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ شاہین آفریدی نے 38رنز دیکر 4وکٹیں لیں، حسن علی 2،جبکہ شاداب اور حفیظ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ کپتان کین ولیم سن رن آؤٹ ہوئے۔ اس طرح کیوی ٹیم کی اننگ 209رنز پر سمٹ گئی۔ ہدف کے تعاقب میں اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے 12اوورز میں54رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن اس موقع پر امام سر پر گیند لگنے سے ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ انکے بعد بابر اعظم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے101رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔ اس موقع پرفخر زمان اور بابر یکے بعد دیگرے فرگوسن کی وکٹ بن گئے، فخر نے 88اور بابر نے 46رنز کی اننگز کھیلی۔177کے مجموعی اسکور پر شعیب ملک بھی پویلین لوٹ گئے۔پاکستانی ٹیم کے قائد کی اننگز 13رنز پراختتام پذیر ہوئی۔ اسکے بعد حفیظ اور شاداب نے ہدف حاصل کرکے ٹیم کو6وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔فرگوسن نے3 اور سوڈھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین آفریدی کو مرد میدان قرار دیا گیا۔ سیریز کا فیصلہ کن میچ کل کھیلا جائے گا۔