نیویارک(امت نیوز) ماہرین کاکہناہے کہ کرہ ارض کے لیے حفاظتی چھتری یعنی اوزون کی چادر تیزی کے ساتھ بہتر ہورہی ہے، توقع ہے کہ 2060ء تک اس تہہ میں موجود سوراخ مکمل طور پر بھر جائے گا۔اس کی وجہ یہ ہے کہ اقوامِ متحدہ نے اوزون کو تباہ کرنے والے زمینی کیمیکلز پر 30سال قبل مکمل پابندی عائد کردی تھی۔ان میں سرفہرست کلورو فلورو کاربنز تھے جو فضا میں جاکر اوزون کو تباہ کررہے تھے۔اس ضمن میں ایک رپورٹ شائع کی گئی ہے جس کی تائید خود اقوامِ متحدہ کے مجاز اداروں نے بھی کی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے 1989ء میں مانٹریال پروٹوکول کے تحت اوزون دشمن مصنوعات اور کیمیکلز پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور اس کے بعد اوزون کی سطح بحال ہونا شروع ہوگئی تاہم اس کی مکمل بحالی میں ابھی کچھ وقت درکار ہے ، 2060ء تک اوزون کی چاک چادرمکمل طور پر بحال ہوجائے گی۔ رپورٹ کے مطابق 2000ء کے بعدسے ہرسال اوزون کی ایک سے تین فیصدمقدارفی سال بحال ہوتی جارہی ہے اوراب کئی مقامات پر اوزون کی بہتر ہوچکی ہے اوراس کے سوراخ بھر رہے ہیں۔اگر مثبت معاملات اسی رفتار سے چلتے رہے تو سائنس دانوں کو امید ہے کہ 2030ء تک شمالی نصف کرے میں اوزون کی سطح 1980ء کی سطح تک آجائے گی جبکہ جنوبی قطب ( ساؤتھ پول) کے اوپر موجود اوزون 2060ء تک بحال ہوجائے گی۔