لاہور (خبرایجنسیاں)ہائی کورٹ نے تحریک لبیک سربراہ خادم حسین رضوی اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف غداری کی کارروائی کے لئے دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی شہری شبیراللہ کی درخواست پر 12 نومبر کو سماعت کریں گے، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیاہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ مسیح کی رہائی کے فیصلے کے بعد تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی کی جانب سے ریاست اور مسلح افواج کے خلاف بیانات دیئے گئے اور لوگوں کوتشدد پر اکسایا گیا ۔تین دن تک ملک میں امن وامان کی صورتحال کو خراب کیا گیا اور آئین کو معطل کرنے کی کوشش کی گئی ۔ایڈووکیٹ سید محمد اعلیٰ کی وساطت سے دائر درخواست میں پنجاب حکومت، سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے خادم حسین رضوی کی ایما پر سڑکیں زبردستی بند کی گئیں اورنجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا ۔