لاہور(امت نیوز)پیپلزپارٹی نے پنجاب میں سینیٹ کی دونوں نشستوں پرمسلم لیگ(ن) کوووٹ دینے کا فیصلہ کیاہے۔ایوان بالا کی دونشستوں پرضمنی انتخابات کیلئے پارلیمانی جماعتوں نے آپس میں رابطے تیز کردیے،حکومتی جماعت تحریک انصاف کوٹف ٹائم دینے کے لیے اپوزیشن کی دوبڑی جماعتیں مسلم لیگ(ن) اورپیپلزپارٹی نے ووٹ کوتقسیم ہونے سے بچا لیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پیپلزپارٹی پنجاب میں سینیٹ کی دونوں نشستوں پر(ن)لیگ کوووٹ دےگی،یہ فیصلہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹوزرداری کاپنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرحسن مرتضی سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔حسن مرتضیٰ کا کہناتھا کہ سینیٹ کی دونوں نشستوں پر(ن)لیگ کے امیدواروں کوووٹ دیں گے،ہمارا مقابلہ فاشسٹ جماعت سے ہے جس کا ساتھ نہیں دیاجاسکتا۔واضح رہے کہ (ن)لیگ کے ہارون اختراورسعدیہ عباسی کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی پنجاب کی دو سینیٹ نشستوں پرضمنی انتخاب 15 نومبر کوہوگا۔