ملعونہ کی رہائی – مولانا سمیع الحق کے قتل کیخلاف مظاہرے

کراچی/ پشاور/لاہور(نمائندگان امت/مانیٹرنگ ڈیسک) توہین رسالت میں ملوث آسیہ مسیح کی رہائی اور جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے قتل کے خلاف کراچی، اندرون سندھ سمیت ملک بھر میں مذہبی جماعتوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔مذہبی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آسیہ مسیح کو باہر نہیں بھیجا گیا، تو حکومت اس کو میڈیا کے سامنے پیش کرے۔ملعونہ کی رہائی کسی صورت قبول نہیں۔اس کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ مولاناسمیع الحق شہید کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔قاتلوں کی تاحال عدم گرفتاری سوالیہ نشان ہے ۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے تحت بنوری ٹاؤن مسجد سے نمائش چورنگی تک ریلی نکالی گئی۔اس موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مفتی شکور احمد، مولانا کلیم اللہ ، مفتی محمد پراچہ جبکہ شہر کے دیگر علاقوں سمیت دیگر شہریوں میں مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا عبدالنعیم، مولانا علیم الدین شاکر، قاری جمیل الرحمن اختر، مولانا اعجاز مصطفیٰ ، عبدالحئی مطمئن ، مولانا محمد اشفاق و دیگر علما کرام نے کہا کہ آسیہ ملعونہ کی رہائی قبول نہیں۔نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔جماعت اسلامی کے تحت مسجد خضرا صدر کے باہر مرکزی مظاہرہ کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملعونہ آسیہ کی رہائی اور ملک سے فرار کی خبریں لمحہ فکریہ ہے ۔وزیر اعظم اور وزرا توہین رسالت کے فیصلے پر بیان دینے سے قبل قانون اور اسلام کا مطالعہ کریں۔حیدرآباد، نوابشاہ، سکھر، مٹیاری، جیکب آباد، لاڑکانہ، منصورہ سمیت تمام بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔اہلسنت و الجماعت کے تحت ناگن چورنگی پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ربنواز حنفی، تاج حنفی اور ترجمان کراچی عمر معاویہ نے کہا کہ ملعونہ آسیہ کی رہائی تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے ۔مولاناسمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار اور ان کی شہادت کے تمام پس پردہ حقائق کو سامنے لایا جائے۔اہلسنت والجماعت رہنمائوں کو سیکورٹی فراہم کی جائے۔جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولاناسمیع الحق کے قتل کے خلاف کراچی سمیت ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔پارٹی رہنمائوں حافظ احمدعلی، قاری عبدالمنان انورنقشبندی، مفتی حماد اللہ مدنی، مولانا خواجہ احمدالرحمن و دیگر نے مطالبہ کیا کہ مولاناسمیع الحق کے قاتلوں کو فوری گرفتار اور اس کے پس پردہ سازشی عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔ملعونہ آسیہ مسیح کو پھانسی دی جائے۔ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے تحت لاہور سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔علامہ محمد ممتاز اعوان کی قیادت میں ہائیکورٹ کے باہر جی پی او چوک پر احتجاج کیا گیا۔علامہ ممتاز اعوان ،جمیل احمد فیضی، میاں اشرف عاصمی و دیگر نے کہا کہ بیرونی دباؤ پر ہونے والے فیصلوں پر پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔عاشق رسول ؐکو پھانسی اور شاتمہ رسول کو معافی کہاں کا انصاف ہے؟سوات ، جہانگیرہ ، چارسدہ، شبقدر، داسو، مردان ، نوابشاہ ، سکھر ، حیدرآباد، مٹیاری اور کندھکوٹ دفاع پاکستان کونسل کے تحت حویلیاں ، جے یو آئی کی جانب سے شاہراہ ریشم پر مظاہرہ کیا۔دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالی گئیں۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

Comments (0)
Add Comment