نشئی لڑکی کے ذریعے اغوا نوجوان کو چچا زادوں نے قتل کر دیا

چارسدہ (نمائندہ امت) نشئی لڑکی کے ذریعے اغوا نوجوان کو چچا زادوں نے قتل کر دیا۔ قتل کی وجہ جائیداد تنازع بنی ۔مقتول کی ہاتھ بندھی لاش دریائے کابل سے ملی جبکہ اغواء کار لڑکی کو گرفتار کر لیا گیا جس نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے یونیورسٹی کے طالب علم فیض کواس کے کزنز کے کہنے پر 2لڑکیوں کے ذریعے ٹریپ کیا تھا۔ ڈی ایس پی بشیر احمد یوسفزئی نے تفصیلات بتا تے ہوئے کہا کہ 27اکتوبر کو دریائے کابل کے قریب آگرہ پایاں میں پڑانگ پولیس کو ایک نوجوان کی نعش ملی تھی جس کے ہاتھ پاؤں باندھے گئے تھے جبکہ منہ پر ٹیپ بھی لگائی گئی تھی ۔ واقعہ کے حوالے سے پڑانگ پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے لاش پوسٹمارٹم کیلئے چارسدہ ہسپتال منتقل کیا جہاں سے بعد ازاں لاش کو لا وارث قرار دیکر ٹی ایم اے قبر ستان میں امانتاً دفنا دیا گیا۔ ڈی ایس پی کے مطابق پوسٹمارٹم میں مقتول کو زہریلے انجکشن لگانے کا انکشاف بھی سامنے آیا۔ اگلے روز مقتول کی شناخت فیض الرحمان ولد عبدالرحمان کے نام سے ہوئی جس کو لواحقین نے پہچانا اور لاش کو باقاعدہ تدفین کیلئے آبائی علاقہ درہ آدم خیل لے گئے ۔ ڈی پی او چارسدہ عرفان اللہ اور ایس پی انوسٹی گیشن نذیر خان نے یونیورسٹی کے طالب علم کے بہیمانہ قتل کا سخت نوٹس لیا اور ٹیم تشکیل دیکر ملزمان کی فوری گرفتاری اور قتل کے محرکات معلوم کرنے کا ٹاسک دے دیا جس نے سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران حکیم آباد نوشہرہ سے تعلق رکھنے والی نیلم شیر نامی لڑکی کو گرفتار کر لیا۔ ڈی ایس پی بشیر احمد کی پریس کانفرنس کے دوران اغواء کار لڑکی نیلم شیر نے میڈیا کو بتایا کہ وہ آئس ڈرگ کی عادی ہے اور ملزمان ڈاکٹر نہال ،زاہد الرحمان اور صادق الرحمان نے فیض الرحمان کو ٹریپ کرنے کے عوض اسے بھاری مقدار میں آئس ڈرگ دینے کا جھانسہ دیا تھا جس پر اس نے ڈینز پلازہ پشاور سے فیض الرحمان کو ٹریپ کر کے گاڑی میں بٹھایا اور کچھ فاصلے پر ڈاکٹر نہال ،زاہد الرحمان اور صادق الرحمان کے حوالے کیا جس کے بعد ان کو کچھ معلوم نہیں کہ ملزمان نے فیض الرحمان کے ساتھ کیا سلوک کیا۔اغواء کار لڑکی نیلم شیر نے انکشاف کیا کہ مقتول کو ٹریپ کرنے کیلئے دیگر دو اور لڑکیوں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ ڈی ایس پی نے مزید کہا کہ لڑکی سے ابتدائی تفتیش کے بعد ایک ملزم زاہد الرحمان کو بھی گرفتار کیا گیا جس نے فیض الرحمان کے قتل کا اعتراف کر تے ہوئے کہا کہ جائیداد کے تنازعہ پر انہوں نے اپنے چچا زاد بھائی فیض الرحمان کو قتل کیا ۔ ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ دیگر دو ملزمان کو بھی جلد گرفتار کیا جائیگا۔

Comments (0)
Add Comment