کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے صوبائی حکومت کو گنے کی امدادی قیمت مقرر کرکے30نومبر سے کرشنگ سیزن شروع کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی مہلت رواں ہفتے ختم ہوگی ۔عدالت کے فیصلے پر سندھ حکومت ن ے رواں ہفتے آبادگاروں اور ملز مالکان کے نمائندوں، کین کمشنر سندھ، سیکریٹری محکمہ زراعت پر مشتمل بورڈ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب میں گنے کی فی من امدادی قیمت 180روپے مقرر کر دی ہے ۔ سندھ کے شوگر ملز مالکان فی من گنے کی امدادی قیمت 160 سے زیادہ دینے کیلئے تیار نہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں اب بھی شوگر ملز مالکان کا ایک گروپ کا اثر و رسوخ برقرار ہے ۔اب تک سندھ کی 34 میں سےصرف ایک مٹیاری شوگر مل نے ہی گنے کی کرشنگ شروع کی ہے جبکہ کاران شوگر ملز نے 23 نومبر سے کریشنگ کا اعلان کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں گنے کی امدادی قیمت مقرر کرنے کیلئے وزیر زراعت کی سربراہی میں بورڈ کی میٹنگ اب تک نہیں ہوسکی ہے۔ سندھ کے شوگر ملز مالکان نے موقف اختیار کیا ہے کہ چینی کے نرخوں میں زیادہ اضافہ ہونے کے باعث فی من گنے کی امدادی قیمت 160 سے زیادہ مقرر نہ کی جائے۔ سندھ کے شوگر ملز مالکان کے ساتھ آبادگاروں نے بھی سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔