جامعہ اردو نے سیکڑوں طلبہ کے 2 ماہ ضائع کردیئے

کراچی (رپورٹ:عظمت علی رحمانی )جامعہ اردو نے ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلوں کے خواہش مندسیکڑوں طلبہ کے2ماہ ضائع کر دیئے۔نااہل انتظامیہ نے داخلہ ٹیسٹ کی تاریخ مقرر کرنے کے بجائے ڈائریکٹر ایڈمیشن ہی تبدیل کردیا۔تفصیلات کے مطابق رجسٹرار افضال احمد نے 2ستمبر کو لاکھوں روپے کے اشتہارات کے ذریعے ایم ایس ،ایم فل اور پی ایچ ڈی کے مضامین میں داخلوں کا اعلان و شیڈول جاری کیا تھا ، جس کے تحت ا یم ایس اور ایم فل کے لئے شعبہ خرد حیاتیات ،طبعیات ،ریاضیاتی علوم ،حیوانیات ،کمپیوٹر سائنس ،بین الاقوامی تعلقات ،سندھی ،عربی ،اردو ،ابلاغ عامہ ،نباتیات ،ماحولیاتی سائنس ،کیمیا ،حیاتیا تی کیمیا میں داخلوں کا اعلان کیا گیا تھا، جبکہ پی ایچ ڈی میں14کے بجائے صرف 9 شعبوں میں داخلوں کا اعلان کیا گیا ، جن میں کیمیا،ریاضیاتی علوم،نباتیات ، ابلاغ عامہ ،اردو، طبعیات ،،حیوانیات، کمپیوٹر سائنس،بین الاقوامی تعلقات شامل تھے ۔ ایم ایس اورایم فل میں داخلےکیلئے2 اور پی ایچ ڈی کیلئے ڈھائی ہزار روپے کا پے آرڈر لیا گیا تھا ۔ داخلہ فارم 3سے 25ستمبر تک وصول کیے گئے۔مجموعی طورپر 790فارم جمع کرائے گئے تھے ، تاہم سوا دو ماہ گز رنے کے باوجو دداخلہ ٹیسٹ کی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ۔ اس کے برعکس رجسٹرار افضال احمد نے چند روز قبل راشد تنویر کو ہٹا کر پروفیسر زاہد کو ڈائریکٹر ایڈمیشن بنا دیا ۔ذرائع کے مطابق راشد تنویر نےسنڈیکیٹ ارکان کو تجویز دی تھی کہ جامعہ میں مستقل ڈائریکٹر ایڈمیشن اور ہر کیمپس میں ایک ایک ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمیشن مقرر کردیا جائے ، تاکہ تمام شعبوں کے اساتذہ ٹیسٹ کا پرچہ تیا ر کریں اور پھر سینٹرلائز ٹیسٹ لیا جائے اور 50فیصد نمبر حاصل کرنے والا طالبعلم کا انٹرویوبھی متعلقہ شعبہ ہی لے کر داخلے کی سفارش کرے۔ مذکورہ تجویز سنڈیکٹ میں پیش کی گئی جس کے بعد ڈرافٹ تیار کرکے واپس سنڈیکیٹ میں منظوری کیلئے بھیجا جائے گا ۔ منظوری کے بعد اسکی سینیٹ سے منظوری لی جائے گی ۔اس حوالےسے‘‘امت ’’نے رجسٹرار افضال احمد اور ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر زاہد احمد سے رابطہ کیا تاہم انہوں نے فون ریسیو نہیں کیا ۔

Comments (0)
Add Comment