یمنی بندرگاہ پر کنٹرول کی جنگ تیز-ہلاکتیں 149ہوگئیں

حدیدہ(مانیٹرنگ ڈیسک)یمن کے ساحلی شہر حدیدہ میں حکومتی اور حوثی باغیوں کے درمیان ہونے والی تازہ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 149 ہوگئی ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کی بندرگاہ حدیدہ کے حصول کے لیے حکومتی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 61سے بڑھ کر 149 ہوگئی ہے۔حکومتی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ 24گھنٹے سے جاری تازہ جھڑپ میں 70سے زائد حوثی باغیوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے جب کہ صدر منصور ہادی کے 9سیکیورٹی اہلکار بھی اس جھڑپ میں مارے گئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو صنعا کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔یمن کی بندرگاہ حدیدہ اپنے محل وقوع کے لحاظ سے خصوصی اہمیت کی حامل ہے، باغی جنگجوؤں کو اس بندرگاہ سے اسلحہ اور خوراک کی ترسیل ہوتی ہے، حکومتی فورسز حدیدہ بندرگاہ سے باغیوں کا قبضہ واگزار کرانے کے لیے کئی بار حملہ کر چکی ہیں۔واضح رہے کہ یمن میں جاری جنگ کے دوران ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں جب کہ سیکڑوں لوگ اس جنگ کا شکار بن گئے، جنگ زدہ علاقوں میں خوراک کا قحط ہے جس کے باعث درجنوں بچے لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment