قطری پورٹ کو کراچی کے ساتھ منسلک کیا جارہا ہے-وزیر اعظم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قطری پورٹ کو کراچی پورٹ سے فیری کے ساتھ منسلک کیا جارہا ہے، بندرگاہوں کے رابطوں سے پاکستان کی قطر کو برآمدات میں 73 فیصد اضافہ ہوگا۔نجی ٹی وی مطابق وزیراعظم عمران خان سے قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل غنیم بن شاہین نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی شریک تھیں۔ ملاقات میں دو طرفہ فوجی تعاون بڑھانے سے متعلق معاملات، خطہ میں امن و امان کے استحکام پر تبادلہ خیال اور پاک قطر باہمی مفادات پر مبنی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے یکجہتی کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے کہا کہ قطرکی جانب سے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور مزدور و محنت کشوں کے لیے کراچی اور اسلام آباد میں دفاتر کھولنے پر قطر کے شکرگزار ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اسلام آباد انتظامیہ کا اجلاس ہوا، جس میں پولیس اورضلعی انتظامیہ کے اعلی حکام سمیت وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی اعوان اورمئیرانصرعزیز بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں اسلام آباد کی سیکیورٹی ودیگرمسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سیکیورٹی انتظامات کومزید موثربنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان مال کی حفاظت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment