کوہاٹ/کابل(این این آئی) افغان دارالحکومت کابل میں ریلی پر خودکش بم دھماکہ میں 10 افراد جاں بحق اورپولیس اہلکاروں سمیت 16 دیگر زخمی ہوگئے جبکہ مغربی صوبہ فرح میں طالبان نے ایک گاوٴں پر حملہ کرکے 30 پولیس اہلکاروں سمیت 38 افرادکو ہلاک کردیا۔ ادھر صوبہ غزنی میں طالبان کے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد70 ہوگئی۔ افغان وزارت دفاع کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق پیر کے روزبعدازدوپہر کابل شہر میں احتجاجی ریلی و مظاہرہ کے دوران ایک خودکش بمبار نے پولیس چیک پوسٹ اور استقلال ہائی سکول کے قریب خود کو دھماکہ سے اْڑادیا جس کے نتیجے میں 10افراد جاں بحق اور 16 دیگر زخمی ہوگئے۔ہلاک و زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ دھماکہ کے وقت کابل شہر کے مصروف اور پوش علاقے میں سینکڑوں مظاہرین صوبہ غزنی میں عدم تحفظ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے۔ دھماکہ کی ذمہ داری فوری طورپر کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔ ادھر مغربی صوبہ فراہ کے ضلع خاک سفید کے گاوٴں خوست پر طالبان نے حملہ کرکے علاقہ پر قبضہ کرلیا جبکہ حملہ میں 30 افغان پولیس اہلکار وں سمیت38 افراد ہلاک ہوگئے۔صوبائی کونسل کے ممبر خیرمحمدنورازئی کے مطابق طالبان نے دس پولیس اہلکاروں کو یرغمال بھی بنالیا۔دریں اثناء گزشتہ روز صوبہ غزنی کے ضلع جغوری میں طالبان کے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد افراد کی تعداد 70 ہوگئی ہے جن میں26 سیکیورٹی اہلکاربھی شامل ہیں۔