یورپی فوج تجویز پر ٹرمپ جرمنی پر بھی برہم

پیرس( امت نیوز) فرانسیسی صدر ایمانویل میکروں کی جانب سے یورپی فوج کی تشکیل کی تجویز پر امریکی صدر ٹرمپ کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا، انہوں نے ایک بار پھر ٹوئٹ میں فرانس اور جرمنی کو کھری کھری سنا دیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ میکروں نے امریکہ ، چین اور روس سے تحفظ کی بات کی ہے لیکن پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں حملہ جرمنی نے کیا تھا۔ امریکہ تو یورپ کو بچانے کیلئے جنگ میں شامل ہو ا تھا۔انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ فرانسیسی صدر اپنی کم ہوتی مقبولیت کے باعث ایسے بیانات دے رہے ہیں۔دریں اثناجرمن چانسلر انجیلا میرکل نے یورپی فوج کی تشکیل کی حمایت کردی۔فرانسیسی شہر اسٹراس برگ میں یورپی پارلیمان سے خطاب کے دوران میرکل کا کہنا تھا کہ یورپی فوج کی تشکیل سے دنیا کو پیغام جائے گا کہ ان ممالک کے مابین دوبارہ جنگ نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ پہلی جنگ عظیم کے اختتام کو 100 سال مکمل ہو نے پر پیرس میں یادگاری تقریب میں صدر ٹرمپ اور ان کی اہلیہ سمیت 60 سے زیادہ ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔

Comments (0)
Add Comment