زمزمہ ریسٹورنٹ کے خفیہ گودام سے4برس پرانا گوشت برآمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ فوڈ اتھارٹی نے زمزمہ اسٹریٹ پرمعروف ریسٹورنٹ کے خفیہ گودام پر چھاپہ مار کر 4برس پرانا گوشت زائدالمیعاد مشروبات و دیگرسامان برآمد کرکے ایک ملازم کو گرفتارکر لیا ۔ ضبط کیا گیا گوشت 2014 میں درآمد کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ فوڈ اتھارٹی نےزمزمہ اسٹریٹ کے مشہور ریسٹورینٹ کے خفیہ گودام پر چھاپہ مارکر 50 کلو مضر صحت گوشت ، زائد المیعاد مشروبات ، جوس ودیگرسامان ضبط کرلیاْ ۔ ڈائریکٹر آپریشن سندھ فوڈ اتھارٹی ابرارشیخ نے بتایاکہ مذکورہ ریسٹورنٹ میں زہریلا کھانا کھانے سے 2 کمسن بھائی جاں بحق اورانکی والدہ بیہوش ہوگئی تھیں ۔سندھ فوڈ ا تھارٹی نے مذکورہ ریسٹورنٹ سے کھانے کے نمونے لے کر اسے سیل کردیا تھا ، تاہم اتھارٹی کو علم نہیں تھا کہ ریسٹورنٹ کا خفیہ گودام بھی ہے ۔شک ہونے پرریسٹورنٹ انتظامیہ کی کڑی نگرانی کی گئی ۔ گزشتہ روز مخبروں نے ریسٹورنٹ کے قریب مشکوک سرگرمیاں کی اطلاع دی ، جس پر فوڈ اتھارٹی کے افسران نے ریسٹورنٹ سے ملحقہ گلی میں خفیہ گودام سے سامان کسی دوسر ی جگہ منتقل کرتے دیکھا تو پولیس کو طلب کیا گیا ۔ پولیس کو دیکھ کر سوزوکی ڈرائیور فرار ہو گیا ، جبکہ ایک شخص پکڑ ا گیا جو خود کو ریسٹورنٹ کا ملازم بتاتا ہے۔خفیہ گودام میں ڈیپ فریزرسے 50کلو سے زائد گوشت برآمد کر لیا گیا ۔ مذکورہ گوشت خراب ہونے سے گودام میں بدبو پھیلی ہوئی تھی ۔ گودام میں گوشت کے علاوہ مشروبات ، جوس ، خورد ونوش کی اشیا سب کی سب زائد المیعاد تھیں ، جن کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوا دیئے ہیں ۔ ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ چھاپے کے دوران برآمد ہونے والا گوشت 2014میں درآمد کیا گیاتھا ، جس کی میعاد 24 فروری 2015تک تھی جو پیکنگ پر تحریرہے ۔کارروائی کے دوران ریسٹورنٹ کی سیل نہیں توڑی گئی ہے، کیونکہ خفیہ گودام ریسٹورنٹ کے عقبی میں ایک دوسری دکان میں قائم تھا۔ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ زائد المیعاد گوشت برآمد ہونے پر ریسٹورنٹ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا، جبکہ سڑا ہوا گوشت اور زائد المیعاد مشروبات کے نمونے لینے کے بعد انہیں تلف کر دیا جائے گا ۔ دوسری جانب سندھ فوڈ اتھارٹی نے ریسٹورنٹ کے خفیہ گودام کو بھی سیل کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گودام سیل کرنے کے دوران تعفن اور بدبو سے فوڈ اتھارٹی کے اہلکار کی طبیعت خراب ہو گئی اور وہی الٹیاں کرنے لگا۔ واضح رہے کہ ریسٹورنٹ انتظامیہ نے دوران تفتیش کسی دوسرے گودام کی موجودگی سے انکار کیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment