اسلام آباد(امت نیوز)منی لانڈرنگ کیس میں نامزد متحدہ قومی موومنٹ کے2 وفاقی وزرا ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوگئے۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی اور وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم ایک گھنٹے تک ایف آئی اے اسلام آباد کے دفتر میں رہے جہاں ان سے منی لانڈرنگ کے حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی۔ایم کیو ایم پاکستان قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ہے اور اس کے رہنماؤں پر خدمت خلق فاونڈیشن کے فنڈ میں ایک ارب تک کی رقم جمع کرانے کا الزام ہے۔فروغ نسیم پر 2013سے2015 کے درمیان متحدہ قومی موومنٹ کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے فنڈ میں2لاکھ68 ہزار کی رقم جمع کرانے کا الزام ہے۔ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے11 نومبر کومنی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم سے وابستہ 726 افراد کو نوٹسز جاری کیے تھے جو مختلف اوقات میں تنظیمی عہدوں پر کام کرتے رہے ہیں۔