سانحہ بلدیہ متاثرین کو یکمشت ادائیگی سے متعلق رپورٹ طلب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سانحہ بلدیہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ یکمشت دینے سے متعلق دائر درخواست پر صوبائی حکومت سے اس حوالے سے 22 نومبر تک رپورٹ طلب کرلی۔دریں اثنا انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پراسیکیوٹر نعمت علی رندھاوا کے قتل کیس میں گواہ کا بیان قلمبند کرتے ہوئے سماعت 15نومبر تک ملتوی کر دی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت نے مبینہ پولیس مقابلے میں اسد عمرانی کی ہلاکت سے متعلق کیس میں 3چشم دید گواہوں کے بیانات قلمبند کرلیے۔جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے فیس بک پر جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے لڑکیوں کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم شاہد محمود کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے حوالے کردیا ہے۔ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے قتل کے مقدمے میں ماتحت عدالت سے ملنے والی سزاوں کے خلاف چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت سرکاری وکیل کی عدم حاضری کے سبب ملتوی کردی۔

Comments (0)
Add Comment