کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر عارف نظامی، سینئر نائب صدر امتنان شاہد اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے اپنے مشترکہ بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی سی پی این ای کے رہنماوٴں سے گفتگو کے دوران سرکاری اشتہارات کی مد میں اخبارات کو بقایاجات کی 2ہفتے میں ادائیگی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخبارات کے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث اخباری ادارے زبوں حالی کا شکار ہو چکے ہیں جس سے صحافیوں سمیت بے شمار میڈیا ورکرز بھی معاشی بحران کا شکار ہوئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی وزارت اطلاعات کی جانب سے اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم کا سلسلہ بھی ختم کر کے درمیانے درجے، چھوٹے اور مقامی اخبارات کو سرکاری اشتہارات کا جائز حصہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اپنے ملک کی معاشی ترقی میں بھی اداروں کی مددگارہوتی ہے، لہٰذا حکومت کو چھوٹے، درمیانے درجے اور مقامی اخبارات سمیت ملک کے پرنٹ میڈیا کو بحران سے نکالنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔