فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب اسمبلی میں فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرارداد جمع کروا دی گئی۔ قرارداد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی کنول لیاقت ایڈووکیٹ نے جمع کروائی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ اسرائیل نے غزہ میں ہمیشہ ظلم، بربریت، اسلام دشمنی کی تاریخ رقم کی ہے جو انسانیت سوزی کی بدترین مثال ہے۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں نہتے افراد اور معصوم بچے شہید ہو رہے ہیں، جس پر پنجاب اسمبلی کا ایوان اسرائیل کے ظالمانہ رویے کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمع کروائی گئی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت، عالمی عدالت انصاف سے مطالبہ کرے کہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف انسانیت سوز کارروائیوں سے باز رہنے کی تنبیہ کی جائے بصورت دیگر اسرائیل کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔

Comments (0)
Add Comment