بیگناہ علما کوفورتھ شیڈول سے نکالاجائے۔وفاق المدارس العربیہ

ملتان/لاہور/کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام ساہیوال کے معروف بلدیہ گرائونڈ میں تحفظ مدارس کنونشن ہوا جس میں علما وطلبہ سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی،وفاق المدارس العربیہ صوبہ پنجاب کے ناظم مولانا قاضی عبدالرشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینیہ نے اس ملک کی نظریاتی اساس کو محفوظ کرنے میں اپنا روشن کردار ادا کیا ہے،ملکی تعمیرو ترقی میں مدارس نےجو کردار ادا کیا ھے اس کو ہر سطح پہ تسلیم بھی کیا جاتا ہے۔ مدارس نے تعلیم نبویؐ کے ذریعہ معاشرے کے اسلامی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے دین اسلام کی خدمت بھی کی ہے،دنیا کے کئی ممالک میں ان دینی اداروں کے پڑھے ہوئے علماء جس جذبے سے اپنی خدمات سرانجام دینے میں مصروف ہیں اس سے یقینا ان علماء کی شکل میں پاکستان کے لئے مثالی سفارتکاری کا اعزاز بھی حاصل ہو رہا ہے،جبکہ بعض عاقبت نا اندیش حکمرانوں نے غیر ملکی طلبہ کے لئے یہاں تعلیمی ویزوں کو بند کیا جس سے وہ طلبہ اب دیگر پڑوسی ممالک کا رخ کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں امن و سلامتی کے پیغام کو عام کرنے میں بھی پاکستان کے مدارس کے فضلاء و علماء کامثالی کردار رھا ہے، مولانا قاضی عبدالرشید نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کے منفی رویہ اور آئے روز کے اعلانات کے باعث مدارس دینیہ سے منسلک لاکھوں افراد تشویش میں مبتلا ہوتے ہیں، غیر ذمہ دار عناصر کےاس طرح کے بیانات سے دین دشمنی پہ مبنی استعماری قوتوں کےایجنڈے کا تاثر سامنے آتا ہے،انہوں نے کہاآج اس عظیم الشان اجتماع کی وساطت سے واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مدارس کے خلاف اس قسم کے جارحانہ رویہ کو ہم قطعا برداشت نہیں کریں گے،مدارس کو تحفظ اور اس کے تشخص کو یقینی بنانے کے لئے جس حد تک جانا پڑا ہم اس سے دریغ نہیں کریں گے، آج مدارس کی خدمات کو نظر انداز کر کے انہیں دھشت گردی سے جوڑ کر منتظمین و مہتممین کو ہراساں کرنے کے لئے مقامی انتظامیہ غیر قانونی طور پہ جو منفی کردار ادا کررہی ہے، وفاق المدارس العربیہ اس کے خلاف جلد بھرپور لائحہ عمل کا اعلان کرے گا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ درس و تدریس سے منسلک بیگناہ علماء کو فورتھ شیڈول سے فی الفور نکالا جا ئے، اگر حکومت مدارس کے معاملات کو حل کرنے میں مخلص اور سنجیدہ ھے تو رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری نکات پر عملدرآمد کو یقین بنائے،اجتماع سے وفاق المدارس کے مسئول اور جامعہ رشیدیہ ساھیوال کے مہتمم مولانا کلیم اللہ رشیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مدارس کو ختم کرنے کی باتیں کرنے والے آج خود عذاب الٰہی کا شکار ہیں،ہزاروں مدارس امت میں اتفاق و اتحاد اور دینی رہنمائی کو فروغ دینے میں مصروف ہیں،بعض ملک دشمن قوتیں دین اسلام کو مٹانے کے درپے ہیں جو خود ختم ھو جائیں گی ،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے بزرگ رہنما مفتی محمد حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء ملت کاسرمایہ ہیں،مدارس کی چٹائیوں پہ بیٹھ کر پڑھنے والے آج ساری دنیا میں دین کی خدمت کا عالی کام کر رہے ہیں، ان مدارس کی خدمت کرنے والے خوش نصیب ہیںاور جو ان اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کا شکار ہیں ان کو چاہئے کہ وہ مدارس کو قریب سے دیکھیں،دریں اثناء وفاق المدارس کے میڈیا کوارڈنیٹر مولانا طلحہ رحمانی نے بتایا کہ وفاق المدارس کی مرکزی مجلس عاملہ نے ملک بھر میں تحفظ مدارس کنویشن کرنے کا اعلان کیاتھا جس کے تحت اضلاع کی سطح پر ھونے والے ان اجتماعات میں ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ھے کہ پاکستان کے عوام دینی اقدار سے محبت کرنے والے ہیں، وفاق المدارس نے عوام میں اسلامی شعور کی بیداری مہم شروع کی ہے جس میں ملک کی معروف دینی شخصیات سمیت دیگر طبقوں سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات بھی شریک ہورہی ہیں،انہوں نے مزید بتایا کہ وفاق المدارس کی اس عوامی رابطہ مہم کے تحت اوکاڑہ اور کل رحیم یار خان سمیت خیبر پختون میں مانسہرہ و اییٹ آباد میں بھی عظیم الشان اجتماع کی تیاریاں جاری ہیں۔

Comments (0)
Add Comment