کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے دہری شہریت رکھنے پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈاکو نااہل قرار دینے سے متعلق دائر درخواست پر پی ٹی آئی رہنما کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے وکیل کو 5دسمبر تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کردی۔ منگل کو پیپلزپارٹی کے قادر خان مندوخیل ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 2رکنی بنچ کے سامنے وفاقی وزیر کے وکیل نے وکالت نامہ جمع کرایا۔تو عدالت نے فیصل واوڈا کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے موکل کیسے منتخب نمائندے ہیں؟ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو تو نوٹس تعمیل کروانا مشکل ہو گیا ، 5 بار بھجوانے کے باوجود وصول کرنے سے انکار کیا۔ کہاں کہاں نہیں نوٹس بھیجے۔ گھر پر موجود گارڈنوٹس نہیں لیتے اورکہتے ہیں کہ صاحب نے منع کیا ہوا ہے۔اسلام آباد کے ضلعی جج کے ذریعے نوٹس بھیجا، وہ بھی وصول نہیں کیا جبکہ الیکشن کمیشن ، پھر اسپیکر قومی اسمبلی اور وزارت کو نوٹس بھیجا۔ وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت پانچ دسمبر تک ملتوی کردی۔