راولپنڈی( نمائندہ امت) جمیعت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے قتل کے معاملے میں ان کے سیکریٹری کو باضابطہ تفتیش میں شامل کرلیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتول مولانا سمیع الحق کے سیکریٹری احمد شاہ کو تفتیشں میں شامل کرنے کے لیے تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔ سیکریٹری احمد شاہ کو ضابطہ فوجداری 160کے تحت طلبی اور شامل تفتیشں کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سیکریٹری احمد شاہ اور ان کے دیگر عزیز و اقارب پولیس کے رابطے میں ہیں اور احمد شاہ نے پولیس سے کچھ دن کا وقت مانگا ہے۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مولانا سمیع الحق کے قتل میں اب تک 22 افراد کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں، جن میں ہاوسنگ سوسائٹی کے ملازمین اور سوسائٹی کے رہائشی بھی شامل ہیں۔واضح رہے کہ مولانا سمیع الحق کے قتل میں اب تک کوئی خاص پیش رفت سامنے نہیں آسکی ۔ مولانا سمیع الحق کے سیکریٹری احمد شاہ اکوڑہ خٹک میں واقع اپنی رہائش گاہ سے گزشتہ 3 سے 4 روز سے لاپتہ ہیں۔ان کے اہلِ خانہ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں قانون نافذ کرنے والے اہلکار اپنے ساتھ لے گئے ہیں جبکہ راولپنڈی پولیس نے ان کی حراست کی تردید کی ہے۔