اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) یکم دسمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا واضح امکان ہے ۔ماہرین کے مطابق ایران کو تیل کی سپلائی کی مشروط اجازت ملنے اور بین الاقوامی سطح پر معاشی سست روی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہو رہی ہے۔عالمی مارکیٹ میں امریکی خام تیل 1 ڈالر 60 سینٹس کمی کے بعد 59 ڈالر فی بیرل اور برطانوی خام تیل بھی 1 ڈالر 60 سینٹس کمی کے بعد 69 ڈالر36 سینٹس فی بیرل کی قیمت تک پہنچ گیا ہے۔دو ہفتوں کے درمیان عالمی منڈی میں خام تیل 9 فیصد یعنی 6 ڈالر فی بیرل سستا ہوچکا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے سے پاکستان میں بھی حکومت کی جانب سے دسمبر کے ماہ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کرنے کا کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔