کراچی(اسٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر بلدیات سعیدغنی نے کہا ہے کہ تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران جن لوگوں کا روزگار متاثر ہوا ہے ان کی مدد کی جائے گی۔جہاں ہمار رول ہوگا ادا کریں گے اور جہاں کے ایم سی کا رول ہوگا وہ ادا کرے گی۔ بدھ کو میئر کراچی وسیم اختر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں سعید غنی نے کہا کہ آپریشن کے متاثرین کی دادرسی حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے اسی لئے کمیٹی تشکیل دی ہے،شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ کرنے والوں کا تعین کرکے انھیں سزا بھی دی جائے گی۔کمیٹی میں سندھ حکومت کی جانب سے سیکریٹری حصہ ہونگے جبکہ کے ایم سی کا بھی نمائندہ شامل ہوگا۔ انہوں نے کہاعدالتی فیصلے کے بعد اداروں کو طاقت ملتی ہے ، اگر اتنی بڑی کارروائی ہو تو کچھ لوگوں کے ساتھ زیادتی بھی ہوجاتی ہے اور ہوئی بھی ہے جس کا تدارک کریں گے، انہوں نے کہا تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔