4ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر اوقات ملازمین کے چولہے ٹھنڈے

کراچی(رپورٹ:نواز بھٹو)سپریم کورٹ کے احکامات کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے محکمہ اوقاف سندھ نے 6 سو سے زائد ملازمین کی تنخواہیں 4 ماہ سے بند کر رکھی ہیں ،جس کے باعث ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کی طرف سے گرانٹ نہ ملنے کے باعث تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جا رہی ۔ محکمہ اوقاف کے ملازمین کا کہنا ہے کہ 2014سے ملازمین تنخواہوں کی بندش کا شکار ہیں ۔ہر چند ماہ بعد تنخواہیں بند کر دی جاتی ہیں ،جس کے خلاف متعدد مرتبہ ملازمین نے احتجاج بھی کئے ہیں۔ 2014میں تنخواہوں کے لئے ملنے والے فنڈز میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی گئی تھی ،جس کی وجہ سے تنخواہ کئی ماہ بند کر دی گئی تھیں ،جس پر سندھ بھر میں سخت احتجاج کے بعد تنخواہ جاری کر دی گئی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت اگست سے تنخواہ بند ہے ،جس کی وجہ سے ملازمین مالی بدحالی کا شکار ہوگئے ہیں اور فیسوں کی عدم ادائیگی کے باعث ان کے بچوں کو اسکولوں سے نکالا جا رہا ہے ۔کئی بار اعلیٰ حکام کو حالا ت سے آگاہ کر چکے ہیں ،لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ ذرائع کے مطابق تنخواہ کی مسلسل بندش کے باعث محکمہ اوقاف میں ملازمین کی حاضری نصف ہو گئی ہے ۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سیکریٹری زکواۃ ، اوقاف و مذہبی امور محمد نواز شیخ نے تصدیق کی کے 6سو سے زائد ملازمین کی تنخواہیں پچھلے 3 ماہ سے بند ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ اسی ماہ میں ہی تنخواہیں ادا کر دی جائیں۔ انہوں نے تنخواہوں کی بندش کا سبب بتاتے ہوئے کہا کہ محکمہ اوقاف کے ملازمین کی تنخواہوں کو اے جی سندھ سے منسلک کیا جا رہا ہے ،اس لئے تاکہ تنخواہوں کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔

Comments (0)
Add Comment