کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) بینک کھاتوں کے بعد جعلی جائیدادیں بھی سامنے آنے لگیں۔ کراچی کے علاقے نشتر روڈ پر لوہے کے دروازے اور جالی کا کام کرنے والے ایک ویلڈر عمران کی دبئی میں بے نامی جائیداد نکل آئی ہے جو آج تک اپنا پاسپورٹ نہیں بنواسکا۔نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے نے نشتر روڈ گھانچی پاڑہ کے رہائشی عمران نامی ویلڈر کو20نومبرکا نوٹس جاری کردیااور جائیداد کے کاغذات سمیت دفتر بلایا ہے۔ نوٹس ملتے ہی عمران کے پاؤں تلے سے زمین نکل گئی، اس حوالے سے اس کا کہنا ہے کہ گیٹ جالی ویلڈنگ کا کام کرتا ہوں ۔ آج تک پاسپورٹ ہی نہیں بنوایا اور دبئی جانے کا تو تصور بھی نہیں کیا۔عمران کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے ملنے والے خط سے علم ہوا کہ میرے نام پر دبئی میں جائیداد ہے، 20نومبر کو جائیداد کے کاغذات سمیت بلایا گیا ہے اور اب میں پریشان ہوں۔ ویلڈر کا مزید کہنا تھا کہ میرے نام جوجائیداد نکلی ہے اسے حکومت بیچ کر ڈیم فنڈ میں ڈال دے میرا اس جائیداد سے کوئی لینا دینا نہیں۔