ڈھاکہ(امت نیوز) مہدی حسن مرزا کی عمدہ بائولنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے زمبابوے کو دوسرا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 218 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز کا اختتام 1-1 سے برابری پر کردیا۔ مہدی حسن مرزا نے میچ کی دوسری اننگز میں انتہائی عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے ٹیم کے 5 کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی، انکی تباہ کن بائولنگ کے باعث مہمان ٹیم میچ کے پانچویں اور آخری 443 رنز ہدف کے تعاقب میں 224 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، مہمان ٹیم کے چار کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے۔ برینڈن ٹیلر نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست سنچری سکور کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نا بچا سکے، وہ ناقابل شکست 106 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ مشفیق الرحیم کو میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ تیجل الاسلام کو عمدہ بائولنگ پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعرات کو آخری ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز مہمان ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 76 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو برینڈن ٹیلر 4 اور سین ولیمز 2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ ولیمز زمبابوے کے تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔