حکومت- سوئی سدرن سے گیس لوڈ مینجمنٹ کی تفصیلات طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں سندھ میں سی این جی کی اوور لوڈ شیڈنگ کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت ، سوئی سدرن گیس کمپنی سے گیس لوڈ مینجمنٹ کی تفصیلات طلب کرلیں۔فاضل عدالت نے تمام فریقین سے 30نومبر کو تفصیلی جواب دینے کا حکم دے دیا ۔جمعرات کو جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سندھ میں سی این جی لوڈ شیڈنگ معاملے پر امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ سندھ میں گیس کی پیداوار 72فیصد، طلب 38فیصد ہے۔ علاوہ ازیں جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے گمشدہ بچوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو مغوی بچوں کی بازیابی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔ سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ صحت کے نائب قاصد کے اکاؤنٹ منجمند کرنے کے خلاف دائر درخواست پر دررخواست گزار زاہد انورکے بینک اکاؤنٹ بحال کرنے کا حکم دیا اور محکمہ صحت کو درخواست گزار کی تنخواہ بھی جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Comments (0)
Add Comment