بیکن-سٹی-اسمارٹ اسکول نےزائد فیسوں کی واپسی کاشیڈول نہیں دیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بیکن ہاؤس ،سٹی اور اسمارٹ اسکول کی رجسٹریشن زائد وصول کردہ فیسوں کی عدم واپسی پر معطل کی گئی ،مذکورہ اسکولوں نے محکمہ تعلیم سندھ کے متعدد نوٹسزکا کوئی جواب نہیں دیا جس پر ڈی جی پرائیوٹ اسکولز کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا گیا جس کے بعد ڈی جی پرائیوٹ اسکول نے حکم عدولی کرنے والے اسکولوں کی رجسٹریشن معطلی کا فیصلہ کیا، تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت نجی اسکولوں کو زائد وصول کردہ فیسوں کی واپسی کی دی گئی ڈیڈ لائن2 دسمبر کو ختم ہورہی ہے جس کی وجہ سے ڈائریکٹر جنرل پرائیوٹ اسکول ڈاکٹر منصوب حسین صدیقی کی جانب سے پہلے مرحلے میں ان اسکولوں کو فیس واپسی کے نوٹسز جاری کئے گئے جنہوں نے عدالت میں کیس داخل کیا ہے ،دوسرے مرحلے میں ان اسکولوں کو بھی نوٹسز جاری کئے گئے کہ وہ بھی اپنے زائد وصول کردہ فیس واپسی کا شیڈول فراہم کریں،نوٹسز میں دیا گیا وقت مکمل ہونے کے بعدآخری مرحلے میں ان اسکولوں کی رجسٹریشن معطلی کا فیصلہ کیا گیا ،جس کی وجہ سے محکمہ تعلیم سندھ نے سٹی اسکول، بیکن ہاؤس،اسمارٹ اسکول کے سندھ بھر میں قائم کیمپسز کی رجسٹریشن معطل کر دی ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق فیسوں کے معاملے پر عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر سٹی اسکول کے 56کیمپسز اور بیکن ہاؤس اسکول کے 65کیمپسز،جبکہ اسمارٹ اسکول کے 15 کیمپسز کی رجسٹریشن معطل کی گئی ہے۔اسکولوں کو جاری نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ اسکولزنے دونوں تعلیمی اداروں کو پانچ خطوط لکھے لیکن انہوں نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔نوٹس کے مطابق 7روز میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد ہوا تواسکولوں کی رجسٹریشن بحال ہوجائے گی لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو اسکولوں کو سیل کردیا جائے گا۔3ستمبر کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے فیس واپسی کے لئے2 دسمبرکا وقت دیا گیا تھا جس میں ڈھائی ماہ گزر جانے کے باوجود مذکورہ اسکول فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرسکے،تاہم ڈائریکٹوریٹ پرائیوٹ اسکول انسٹی ٹیوشن کے افسران کی جانب سے نجی اسکولوں کے دورے کے موقع پر مشاہدے میں یہ بات آئی کہ متعلقہ اسکول عدالتوں کے احکامات پرعملدرآمد میں ناکام رہے ہیں حالانکہ ان اسکولوں کو کئی بار عدالتی احکامات پر عملدرآمد کے لئے خطوط لکھے گئے لہذا اس تناظر میں سندھ پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز (ریگولیشن اینڈ کنٹرول ) آرڈیننس 2001،ترمیم شدہ ایکٹ اینڈ رولز 2005کی شق 8(کینس یلیشن ،سس پینشن آف سرٹیفکیٹ آف رجسٹریشن ) کے تحت ان اسکولوں کے تمام کیمپسز کی رجسٹریشن معطل کی جارہی ہے، معلوم رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈی جی منصوب حسین صدیقی کی جانب سے جنریشن اسکول کے دونوں کیمپسز میں افسران گئے جنہیں جنریشن اسکول انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ 2دسمبر سے قبل زائد وصول کردہ فیس واپس جمع کرادیں گے۔

Comments (0)
Add Comment