خشوگی کیس میں 5 ملزمان کی سزائے موت کیلئے سعودیہ تیار

ریاض/واشنگٹن(امت نیوز)سعودی عرب نے جمال خشوگی کےقتل کی عالمی تحقیقات کا ترک مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سعودی صحافی کی ہلاکت میں ملوث 5 افراد کوسزائے موت کی استدعا کی جائے گی۔ریاض میں پریس کانفرنس میں نائب سرکاری وکیل استغاثہ شالان بن راجح شالان نے کہاہمیں جیسے ہی ترک حکام کی جانب سے آڈیو ریکارڈنگ یا کوئی اور شواہد ملیں گے، ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمال خشو گی کے قتل کا حکم ولی عہد محمد بن سلمان نے نہیں بلکہ ایک سینئر انٹیلی جنس اہلکار نے دیا تھا۔خشوگی کو 2اکتوبر کواستنبول میں سعودی قونصل خانے میں خفیہ ایجنٹس کے ساتھ ہاتھا پائی کے بعد ایک جان لیوا انجیکشن دیا گیا۔ اس کے بعد ان کے جسم کے ٹکڑے کیے گئے اور انہیں قونصل خانے سے نکالا گیا۔انہوں نے کہا کہ قتل کا حکم دینے والا مذاکراتی ٹیم کا سربراہ تھاجسے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ترکی بھیجا گیا تھا کہ وہ خشوگی کو جلا وطنی ختم کرکے سعودی عرب واپس آنے پر آمادہ کر سکیں۔دریں اثناامریکہ نے ولی عہد شہزادہ محمد کے قریبی ساتھی سمیت جمال خشوگی کے قتل میں ملوث 17سعودی حکام پر پابندی عائد کرتے ہوئے اُن کے اثاثے منجمد کردیئے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment