سینیٹ میں عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے قرارداد منظور

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سینیٹ میں قرارداد منظور کرلی گئی۔سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہوا جس میں جے یو آئی (ف) کے سینیٹر طلحہٰ محمود نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے قرارداد پیش کی جسے ایوانِ بالا نے منظور کرلیا۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہےکہ سینیٹ عافیہ صدیقی کی مسلسل قید پر اظہار تشویش کرتا ہے، ضرورت ہے کہ عافیہ کی رہائی کا معاملہ دوبارہ امریکا سے اٹھایا جائے۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیاہےکہ حکومت عافیہ صدیقی کی جلد وطن واپسی کے لیے اقدامات کرے۔چیئرمین سینیٹ نے عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق منظور قرار داد دفتر خارجہ کو بھیجنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت قرارداد کی روشنی میں عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کرے۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے عافیہ صدیقی کے حوالے سے کہا ہےکہ پاکستانی قونصل خانہ ہیوسٹن میں گزشتہ تین سال میں 12مرتبہ ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کرچکا ہے۔

Comments (0)
Add Comment