کراچی (پ ر) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب پر حملے اور صحافی نصر اللہ خان پر قائم کئے جھوٹے مقدمات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نصراللہ خان کو جلدازجلد بری کیاجائے، اس مشکل وقت میں بھی ہم صحافی برادری کے ساتھ ہیں۔ان خیالات کااظہارکراچی پریس کلب پر حملہ اور صحافی نصراللہ چوہدری کی گرفتاری کے خلاف منعقدہ احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت میں پریس کلب پر حملے اور صحافی پر جھوٹے مقدمات قائم کر کے دور آمریت کی یاد تازہ کردی ہے۔ احتجاجی کیمپ سے خطاب میں سینئر صحافی مجاہد بریلوی نے کہا کہ میڈیا سے ملازمین کی چھانٹی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگوں کا معاملہ سنگین ہوگیا ہے اب بروقت اور توانا آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔سابق صدر کراچی پریس کلب سراج احمد نے کہا کہ پریس کلب کے تقدس کی بحالی کے لئے پریس کلب کونسل کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ پی ایف یو جے دستور کے سیکریٹری جنرل سہیل افضل خان نے کہا کہ تمام صحافی تنظیمیں آزادی صحافت کی بقا کے لئے متحد ہوچکی ہیں،میڈیا ورکرز کی ملازمتوں سے جبری برطرفیوں اورمعاشی استحصال کرکے قلم کی آواز کو دبانے کے لئے کوشش کی جارہی ہے،ہم میڈیا ووکرز کی برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے سنگین مسلئے پر ملک گیر احتجاج کی کال دیں گے۔ سیکریٹری کراچی پریس کلب مقصود یوسفی نے کہا کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں، وکلاء برادری ،مزدور تنظیموں ،تاجر برادری ،صحافی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے مشکور ہیں جو اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔