لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پروٹوکول کی گاڑیاں دیکھ کر ایئرپورٹ سے باہر آنے سے ہی انکار کردیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں انہوں نے پروٹوکول کی گاڑیاں دیکھیں تو پروٹوکول میں جانے سے انکار کردیا۔صدر مملکت نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ میری مسلسل کوشش ہے کہ صرف سیکیورٹی لوں اور لوگوں کے لیے مشکلات بننے والے پروٹوکول میں کمی کروں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں لاہور ایئرپورٹ پر ہوں جہاں 32 گاڑیاں ایئرپورٹ کے باہر مجھے لینے کے لیے کھڑی ہیں، اس وقت تک ایئرپورٹ کے اندر رہوں گا جب تک گاڑیاں واپس روانہ نہیں ہوجاتیں۔