تعمیراتی مصنوعات کی فراہمی کیلئے آباد اور آئی آئی ایل کے درمیان معاہدہ

کراچی (بزنس رپورٹر) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈولپرز(آباد )اور تعمیراتی مصنوعات بنانے والی مارکیٹنگ کمپنی انٹرنیشنل انڈسٹریز لمیٹڈ(آئی آئی ایل) کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے۔معاہدے کے تحت آئی آئی ایل آبادارکان کو خصوصی رعایت پر تعمیراتی مصنوعات فراہم کرے گی۔ آباد ہاؤس میں ہونے والے معاہدے پر آباد کی الائیڈ انڈسٹریز سب کمیٹی کے کنوینر عبدالمجید آڈھایا اور آئی ایل ایل کے ڈائریکٹر سیلزاینڈ مارکیٹنگ خاور باری نے دستحط کئے۔ اس موقع پر خطاب میں چیئرمین آباد حسن بخشی نے کہا کہ پاکستان میں تعمیراتی صنعت کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، جن میں سے ایک بڑا مسئلہ اسٹیل، سیمنٹ و دیگر تعمیراتی سامان کے مینوفیکچرنگ اور سپلائرز کا کارٹیل ہے، جو گٹھ جوڑ کرکے مصنوعات کی من مانی قیمتیں مقرر کرتے ہیں، جس سے گھر کی لاگت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے ہی ایک کروڑ 20 لاکھ گھروں کی کمی ہے، آباد کی کوشش ہے کہ گھروں کی قلت پر قابو پاکر شہریوں کو سستے گھر فراہم کئے جائیں، جس کیلئے آباد نے ایفورڈ ایبل ہاؤسنگ اسکیموں کا آغاز بھی کیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment