کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے صوبوں ہلمند اور فراہ میں طالبان حملوں میں ایک امریکی اور 3 افغان کمانڈوز سمیت 44 اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ 90حکومت نواز جنگجووں اور پولیس اہلکاروں نے ہتھیار ڈال دیئے۔ تفصیلات کے مطابق طالبان نے صوبہ ہلمند کے ناوہ، گرشک ونوزاد اضلاع میں امریکی اورافغان فوج پر حملے کئے۔ضلع نوزاد کے بازار پر امریکی اور افغان کمانڈوز نے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے چھاپہ مارا، ہلکے اور بھاری ہتھیار سے لیس طالبان نے فورا جوابی کاروائی کی، جس سے ایک امریکی اور 4 افغان کمانڈوز موقع پر ہلاک ہو گئے، ایک امریکی اور 3 افغان کمانڈوز زخمی ہو گئے۔دریں اثنا کابل یونیورسٹی میں پشتون اور ہزارہ طلبہ کے درمیان جھڑپوں میں 3 طلبہ ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے۔تنازع اس وقت پیدا ہوا جب ہزارہ طلبہ یونیورسٹی کے ایک مسجد میں غزنی میں بدامنی کیخلاف مظاہرہ کر رہے تھے جو دیگر طلبہ کو ناگوار گزارا۔ایک طالب علم نے افغان میڈیا کو بتایا کہ حکومت میں شامل بعض شخصیات ہزارہ طلبہ کی پشت پناہی کر رہی ہیں اور ان کی متعصبانہ کارروائیوں کی حمایت کر رہی ہیں۔