ناموس رسالت قانون تبدیل ہوگا نہ اسرائیل کو تسلیم کرینگے-صدر

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت تحفظ ناموس رسالت کے قانون میں کسی قسم کی ترمیم کا ارادہ نہیں رکھتی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سےگورنر ہاؤس پنجاب میں علماء کرام نے ملاقات کی۔ملاقات میں علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، اسرائیل کے بارے میں پاکستان مسلم امہ کے مؤقف سے متفق ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت تحفظ ناموس رسالت کے قانون میں کسی قسم کی ترمیم کا ارادہ نہیں رکھتی، حکومت ناموس رسالت کی محافظ ہے اور ہر عہدے سے بڑھ کر اس کی حفاظت کی جائے گی، قانون 295 سی کی شق کے غلط استعمال کے سدباب کیلئے علماء کرام سے رائے لی جائے گی۔عارف علوی نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت قوم اور حکومت کیلئے باعث تشویش ہے اور مولانا سمیع الحق کو شہید کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔صدر مملکت نے علماء سے کہا کہ مدارس اور مساجد کی رجسٹریشن کیلئے تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

Comments (0)
Add Comment