وحشیانہ امریکی بمباری سے بچوں سمیت 43شامی شہید

دمشق /صنعا(امت نیوز)شام کے مشرقی صوبے دیر الزور میں عراقی سرحد کے قریب وحشیانہ امریکی بمباری سے بچوں اور خواتین سمیت 43 شہری شہید ہوگئے ۔ادھر حدید ہ پر سعودی افواج کے اتحاد کی بمباری سے 10 باغی مارے گئے ۔ شامی مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے مطابق امریکی طیاروں نے عراقی سرحد کے قریب ابوالحسن قصبے میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا اور گھروں پر بمباری کی۔مبصر گروپ کے سربراہ عبدالرحمان نے بتایا کہ امریکی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 43 افراد شہید ہوئے، جن میں بیشتر خواتین اور بچے ہیں، مرنے والوں میں 17 بچے اور 12 خواتین شامل ہیں جب کہ دیگر ہلاکتوں میں اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ ان کا تعلق کسی عسکری گروپ سے تھا۔شام کی سرکاری نیوزی ایجنسی نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عرا قی سرحد سے متصل علاقے حجین کے گاؤں میں بمباری کی گئی اور اس میں 40 سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔دریں اثنا یمن کی بندرگاہ پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے سعودی اتحادی افواج نے باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 10 باغی ہلاک ہوگئے۔ ایک ہفتے کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ ہزاروں شہری نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔ تازہ جھڑپ اتحادی افواج کی جانب سے رواں ہفتے عارضی جنگ بندی کے اعلان کے بعد ہوئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment