کراچی(اسٹاف رپورٹر)ضلع وسطی کی انتظامیہ پارکوں کی اراضی پرغیر قانونی بچت بازار،تقریبات اور تجاوزات سے لاکھوں روپے بٹورنے لگی ۔ جبکہ لاکھوں روپے مالیت سے تیار گرین بیلٹ بھی تباہی کے دہانے پہنچ گئی ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ ضلع وسطی میں‘خورشید بیگم پارک،منور پارک،سر سید پارک،مدنی گراؤنڈ، ابو ریحان پارک ،انو بھائی پارک ،انور پارک سمیت چھوٹے بڑے 200 سے زائد پارکس ہیں جن میں سے متعدد کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگئے ہیں جبکہ بیشتر میں تجاوازات قائم ہیں اور اسٹریٹ لائٹس بھی چوری ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے پارکس میں اب فیملیز جانے سے گریز کرتی ہیں ذرائع نے بتایا کہ ناظم آباد ماڈل پارک اور ذیشان افضال پارک میں ایڈیشنل ڈائریکٹر پارک لیاقت آباد زون کے محمد شریف خان لاکھوں روپے بھتہ وصولی کے بعد مذکورہ فیسٹیول لگایا جاتا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سےقبل شریف خان گلبرک ٹاؤن میں تعینات تھے اور ان کو اس وقت وسطی کے چیئر مین ریحان ہاشمی کی مکمل سرپرستی حاصل ہے‘ ذرائع نے بتایا کہ نورانی گراؤنڈمیں اتوار بازار لگایا جاتا ہے اسی طرح انڈہ موڑ گرین بیلٹ کے اطراف بھی غیر قانونی طور پر بازار لگایا جاتا ہے جس کا پیسہ ڈائریکٹر پارکس سمیت دیگر افراد کو جاتا ہے۔