کراچی/راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک/صباح نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کراچی قومی معیشت میں انجن کی حیثیت رکھتا ہے، ہم اس کی سیکورٹی کو مزید بہتر بنائیں گے ،تاکہ یہاں کاروباری سرگرمیاں مثبت انداز میں جاری رہیں۔ تاجربرادری کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ آئی ایس پی آرکے مطابق ہفتے کے روز آرمی چیف نےرینجرز ہیڈکوارٹرز سندھ کا دورہ کیا ، جہاں پرڈی جی رینجرز سندھ نے جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔آرمی چیف کے ہمراہ کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیزبھی تھے۔ ڈی جی رینجرزمیجر جنرل محمد سعیدنے کراچی اور صوبے میں امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو سراہا اورکہا کہ کراچی میں امن و امان کی بہتری سے تجارتی سرگرمیاں مثبت انداز میں جاری ہیں ۔ سیکورٹی صورتحال مزیدبہتر ہوگی تومعیشت اور کاروبار بھی پروان چڑھے گا۔