لاہور(امت نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف سے نیب آفس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف،مریم نواز ،نصرت شہباز حمزہ شہباز، یوسف عباس اور کیپٹن (ر) محمد صفدر نے تفصیلی ملاقات کی ،اس دوران زیر تفتیش مقدمات سمیت وکلا کی کارکردگی پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔ نیب آفس لاہور میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی اپنے چھوٹے بھائی اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات تقریباً 50 منٹ جاری رہی جس کے بعد وہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے ہمراہ واپس روانہ ہوگئے جبکہ شہباز شریف کے ساتھ ان کی اہلیہ نصرت شہباز اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی ملاقات تقریباً اڑھائی گھنٹے تک جاری رہی جس دوران خاندانی امور پربھی بات چیت کی گئی۔نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان 50 منٹ جاری رہنے والی ملاقات میں سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ شہباز شریف نے اپنی والدہ کی طبعیت کے متعلق بھی نواز شریف سے دریافت کیا۔نیب کی زیر حراست شہباز شریف سے دوران ملاقات نواز شریف سمیت دیگر اہل خانہ نے ان کی خیریت دریافت کی اور کھانے پینے کی بابت پوچھا جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب سے ان کی اہلیہ اور صاحبزادے نے ادویات کے متعلق بھی دریافت کیا۔شہباز شریف نے حمزہ شہباز سے اپنے پوتے کے متعلق پوچھا اور ہدایت کی کہ اب ملاقات کے لیے آؤ تو پوتوں کو ساتھ لے کر آنا۔حمزہ شہباز سے ان کے والد نے سلمان شہباز کی بیٹے کی بھی خیریت دریافت کی،واضح رہے کہ سلمان شہباز کے گھر چند روز قبل بیٹے کی ولادت ہوئی ہے۔