حکومت-بلدیہ لیاری میں پانی بندش کا خاتمہ یقینی بنائیں-سید عبدالرشید

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پبلک سیکریٹریٹ پی ایس 108لیاری کے میڈیا سیل سے جاری بیان میں رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے لیاری میں پانی بندش پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں قلت آباد ختم کرنے کیلئے پریشر بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور بلدیاتی ادارے اپنی ذمے داریاں دوسروں پر ڈال کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں، لیاری کو پانی فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، لیاری میں سیاسی واٹر مافیا کو جلد بے نقاب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پانی چوروں کیخلاف کارروائی روکنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، لیکن واضح کرتا ہوں کہ کے تھری اور ایس بی ایل سے چوری کے کنکشن اور پانی بیچنے والوں کیخلاف واٹر کمیشن میں دائر درخواست کسی صورت واپس نہیں لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ، وزیر بلدیات، ایم ڈی واٹر بورڈ اور چئیرمین ڈی ایم سی جنوبی ملک فیاض پانی کی بندش فوری ختم کروائیں اور لیاری کیلئے کے تھری اور ایس بی ایل کی لائن کا منظور شدہ پریشر ممکن بنایا جائے۔ بلڈرز مافیا اور سیاسی پانی مافیا کے خلاف آواز اٹھانے پر مختلف علاقوں کے مکینوں کو سازشی عناصر لڑانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سازشی عناصر سے ہوشیار اور پانی چوروں کیخلاف متحد رہیں۔

Comments (0)
Add Comment